سابق کرکٹر یاسر حمید کی ابرار سے متعلق کی گئی پیشن گوئی سچ ثابت
انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلےجارہے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے سب کو اپنی کارکردگی سے متاثر کر دیا۔
ملتان میں ابرار احمد کو ٹیسٹ کیپ ملی اور انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں جیک کرولی کی وکٹ لی پھر دیکھتے ہی دیکھتے ابرار کھانے کے وقفے سے قبل پانچ وکٹیں لے گئے جبکہ اننگز میں مجموعی طور پر 7 شکار کیے۔
انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں شاندار کارکردگی پر ابرار احمد کی تعریف کی جارہی ہے،، لیکن ابرار سے متعلق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر یاسر حمید نے گزشتہ ماہ پیشگوئی کی تھی جو سچ ثابت ہوئی۔
18 نومبر کو یاسر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ابرار ایک سرپرائز پیکج ہے ، جو اکیلے ہی آنے انگلینڈ کے خلاف آنے والی سیریز کا نقشہ بدل سکتا ہے۔
بظاہر ملتان ٹیسٹ میں ایسا ہی ہوا، ابرار نے اکیلے ہی انگلینڈ کی ٹیم کو دبوچا۔
دوسری جانب اپنی بات صحیح ثابت ہونے پر یاسر حمید نے آج پھر اپنی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘تھوڑی بہت کرکٹ ہم بھی جانتے ہیں’۔
ساتھ ہی انہوں نے کیریئر کے شاندار آغاز پر ابرار کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 16 سال بعد کھیلے جانے والی ٹیسٹ کرکٹ کے پہلے روز انگلینڈ کی پوری ٹیم 281 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جبکہ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنزبنالیے ہیں